اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ پاکستان لوٹنے والوں کا احتساب ہو گا،اپوزیشن جتنا چاہے رو لے احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کرپٹ لوگوں کے خلاف بات کرتے ہیں تو اپوزیشن والے پتہ نہیں کیوں احتجاج اور واک آؤٹ پر آجاتے ہیں۔
انہوں نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری سے متعلق واضح کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کا شہباز شریف کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں ہے، نواز شریف کی حکومت میں شہباز شریف پر مقدمہ بنا تھا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اب کیا سیف الرحمان کو چیئرمین نیب لگانے والے سیاسی انتقام کی بات کریں گے؟،انہوں نےکہا کہ سیف الرحمان اور نیب کے ذریعے بینظیر شہید کو نشانہ بنایا گیا، یہ جتنا بھی رو لیں، احتساب کا عمل نہیں رکے گا۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم کا نیب پر کنٹرول ہوتا تو آدھے لوگ یہاں تقریر نہ کر رہے ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ کبھی فالودے والے کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے نکل رہے ہیں اور کبھی کسی کے اکاؤنٹ سے رقم نکل رہی ہے، سب کو معلوم ہے کہ منی لانڈرنگ ہورہی ہے۔
ضمنی انتخاب سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ابھی میدان میں صرف ایک گھوڑا ہے جس پر پی ٹی آئی سوار ہے، ضمنی الیکشن میں میں پی ٹی آئی کلین سوئپ کرےگی۔