اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں عدم استحکام ہورہا ہے، ہماری حکومت میں کسی کو انتقامی سیاست کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔
حتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعطم نواز شریف نے حکومت اور نیب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر کوئی بھی پاکستانی نہیں بچ سکتا، امیر ہو یا غریب، جائیداد بیچنے پر مکمل آمدن ظاہر نہیں کرتا، حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے، ہم نے درگزر کرنے کی اچھی روایات ڈالیں، ہماری حکومت نے کوئی سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی۔
نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم اور وزراء کے منہ سے خود باتیں نکل رہی ہوں تو اس کو کیا کہا جائے۔ صحافی کی جانب سے سوال پر کہ ڈالر 136 کا ہوگیا ہے، نواز شریف نے کہا کہ اب سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، نیب سمیت مشرف دور کے تمام کالے قانون ختم ہونے چاہئیں، ابھی میرا بات کرنے کا دل نہیں کرتا، بولوں گا لیکن ابھی نہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف نے دیانت داری پر کسی کو انگلی نہیں اٹھانے دی، شہباز شریف نے محنت اور جاں فشانی سے کام کیا، صبح دیکھی نہ شام، دن رات کام کیا، انہوں نے خود کو بیمار کرلیا اور کینسر میں مبتلا ہوگئے۔