اسلام آباد:ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہاکہ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے روز تماشا کرکے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ، جھوٹ بول کر عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات سے 10 روز قبل راتوں رات آئی جی پنجاب کا تبادلہ کیا گیا تاہم یہ تبادلہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے لیے کیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہاکہ عوام کو حقیقت بتائیں کہ آپ ایک نااہل ٹیم اور ٹولہ ہیں، یہ سب نقصان آپ کی نااہلی کی وجہ سے ہورہا ہے۔ عوام کو بتائیں کہ آئی ایم ایف میں جانے سے پہلے گیس بجلی کی قیمت کیوں بڑھائی گئی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کو گرفتار کرکے پیغام دیا گیا کہ آپ کو عثمان بزدار بننا چاہیے تھا، آپ نے پنجاب کو کیوں ترقی دی، انہیں بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا ۔ کیا وہ اشتہاری یا دہشت گرد تھے جو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سینیئر صوبائی وزیر محمود الرشید کے بیٹے نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا اور اغوا کیا، محمود الرشید کے بیٹے کس حالت میں پکڑے گئے تھے وہ میں قوم کو نہیں بتانا چاہتی، آج آئی جی پنجاب محمد طاہر کو تبدیل کر دیا گیا کیونکہ آئی جی نے پولیس پر تشدد کے بعد محمود الرشید کی بات نہیں مانی تو آئی جی کا تبادلہ کردیا گیا۔