کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کے تفتیشی افسر کو مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی آخری مہلت دے دی۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کی جس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور دیگر ملزمان پیش ہوئے ۔
کیس کے تفتیشی افسر ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان بھی عدالت کے روبرو حاضر ہوئے،انہوں نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی جس میں کہا گیا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
دوران سماعت عدالت نے تفتیشی افسر کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے انہیں مفرور ملزمان سے متعلق 31 اکتوبر تک رپورٹ پیش کرنے کی آخری مہلت دی اور کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا کہ تفتیشی افسر کی ہائیکورٹ میں پیش رپورٹ جھوٹ پر مبنی ہے اور وہ غلط بیانی کررہے ہیں میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہوں۔
راؤ انوار نے کہا کہ عدالت جب بھی بلاتی ہے میں پیش ہوتا ہوں اور اثاثوں کی جھان بین سے متعلق نیب انکوائری کا علم نہیں۔