اسلام آباد: ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے خواجہ سعدرفیق کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا.
سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں عدالت سے 15 روز کے لیے حفاظتی ضمانت کی استدعا کی گئی تھی۔
خواجہ سعدرفیق کی درخواست پر کیس کی سماعت جسٹس عامرفاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی کے ڈویژن بینچ نے کی۔ درخواست گزاروں کے وکلا کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ اور امجد پرویز نے دلائل پیش کئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ لاہور ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کرسکتے تھے تو پھر اسلام آباد کیوں رجوع کیا۔ وکیل نے جواب دیا کہ لاہور میں ہمارے مؤکل کو گرفتاری کا خدشہ تھا، نیب نے ہماری جماعت اور قائدین کے خلاف مہم شروع کررکھی ہےاور ہمیں خطرہ ہے نیب میں پیشی کے دوران خواجہ سعدرفیق کو گرفتار کرلیا جائے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر گرفتاری کا خطرہ تھا تو آپ کے مؤکل نے کل بغیر ڈر کے پریس کانفرنس کیسے کرلی؟۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ 14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات بھی ہیں اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ وہ ہمیں 15 روز کی حفاظتی ضمانت دے تاکہ ضمنی انتخابات بھی گزر جائیں گے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ انتخابات کی وجہ سے کوئی بھی ریلیف دینا ہمارے اختیار میں نہیں، آپ کسی اور پلیٹ فارم پر رابطہ کریں۔
عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد خواجہ سعدرفیق اور سلمان رفیق کی درخواستیں مسترد کردیں، اور دونوں کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔