لاہوراحتساب عدالت کاشہبازشریف کےدامادکی جائیدادضبط کرنےکاحکم

لاہور:قومی احتساب بیورو(نیب ) کی درخواست پر لاہور احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ علی عمران یوسف کو تحقیقات کے لیےمتعدد بار نیب میں طلب کیا گیا مگر وہ پیش نہیں ہوئے، ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے مگر وہ بیرون ملک چلے گئے۔

درخواست میں مزیدبتایا گیا کہ علی عمران پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ایف او نوید اکرام سے 13 کروڑ روپے رشوت لینےکا الزام ہے۔

درخواست میں استدعا ہے کہ عدالت انہیں اشتہاری قرار دینے اور جائیدادیں ضبط کرنےکاحکم دے۔نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ نے عدالت کو بتایا کہ علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام پر گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازا اور غوث الاعظم ڈویلپرز کے نام پر کروڑوں روپے کی جائیداد علی عمران کے نام ہے۔
علی سنٹر اور علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے کے دفاتر اور اپارٹمنٹس بھی ان کی ملکیت میں ہیں، گلبرگ 3 میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ، مدینہ فیڈز مل اور علی پروسیڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی علی عمران یوسف کی ملکیت ہے۔