اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات جاری کردیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 35 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں سے قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 24 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا،صوبائی اسمبلی پر پنجاب کی 11، سندھ 2، کے پی کے 9 اور بلوچستان اسمبلی کی2 نشستوں پرضمنی انتخاب ہوگا،جبکہ قومی اسمبلی کیلئے اسلام آباد سے ایک، پنجاب سے 8، سندھ اور خیبرپختونخوا کی ایک ایک نشست پر انتخاب ہوگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ 35 حلقوں میں 92 لاکھ، 83 ہزار 74 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے، انتخابات میں 51 ہزار 235 انتخابی عملہ خدمات سر انجام دے گا، پولنگ اسٹیشنز پر امن وامان کی ذمہ داری فوج سنبھالے گی، فوج تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کی جائے گی۔