لاہور:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مقدمات کو نمٹانے میں تاخیر ایک ناسور بن چکا ہے، کفر کا معاشرہ قائم رہ سکتا لیکن جس معاشرے میں ناانصافی ہو گی وہ قائم نہیں رہ سکتا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ جس نظام کا ڈھانچا جھوٹ پر کھڑا ہو وہ کیا ڈلیور کرے گا، جس معاشرے میں بے انصافی ہو گی وہ قائم نہیں رہ سکتا اور جس معاشرے میں جھوٹ سرائیت کر جائے وہ ملک کیا ترقی کرے گا۔
جسٹس ثاقب نثار نے کہاکہ معاشرے میں عدلیہ کو اعلیٰ مقام حاصل ہے، ججز پوری ایمانداری سے فیصلے کریں اور جتنی تنخواہ لیتے ہیں اتنا کام بھی کریں، ججز کئی کئی روز تک مقدموں کی سماعت نہیں کرتے، کتنے کتنے دن کیس ججز کے پاس پڑے رہتے ہیں، ججز ذمہ داری پوری نہیں کریں گے تو کیس زیر التوا ہوں گے۔