اسلام آباد:چیئرمین مسلم لیگ راجہ ظفر الحق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر استدعا کی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 218 تین کے تحت نیب کو شہباز شریف کی رہائی کا حکم دیا جائے۔مسلم لیگ ن کے رہنما کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن شہباز شریف کی رہائی کے لیے اپنا اختیار استعمال کرے کیونکہ اپوزیشن لیڈر کی ضمنی انتخاب سے قبل گرفتاری انتخابات پر اثر انداز ہو گی۔
راجہ ظفر الحق کی جانب سے لکھے گئے خط میں الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ آر ٹی ایس سے متعلق تمام تیکنیکی خامیاں دور کی جائیں جبکہ ریٹرننگ افسر پولنگ ایجنٹس کو دستخط شدہ فارم 47 مہیا کرے۔
خط میں کہا گیا ہےکہ ن لیگ نے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کی توجہ مسائل کی جانب مبذول کرائی، الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ ایجنٹس کے داخلے کو یقینی بنائے، پولنگ اسٹیشنز کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں نہ لگنے دی جائیں، اس کے علاوہ ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی پولنگ یجنٹس کی موجودگی میں ہونا چاہئے۔