کراچی:کراچی میں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے اسٹریٹ واچ فورس تیار کر لی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس ڈاکٹر عامر شیخ کا کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے 1870 اہلکاروں پر مشتمل اسٹریٹ واچ فورس تیار کی گئی ہے۔
ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ اس واچ فورس کی تعیناتی شہر کے مختلف مقامات پر کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ساؤتھ اور سٹی ایریا میں اسٹریٹ کرائم واچ کو 250 سی سی 80 موٹر سائیکلیں فراہم کی گئی ہیں
جبکہ ضلع وسطی، ملیر، غربی اور کورنگی کو 20، 20 موٹر سائیکلیں فراہم کی گئی ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ واچ فورس میں زیادہ تر نئے بھرتی اہلکاروں شامل ہیں،
یہ فورس دو موٹر سائیکلوں پر چار ٹولیوں کی شکل میں 8، 8 گھنٹے کی ڈیوٹیاں کرے گی۔ڈاکٹر امیر شیخ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی مدد کرنے والے شہریوں کو نقد انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔