صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے مطابق وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے قوم سے خطاب کریں گے۔
صوابی میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےکہا کہ انتخابات کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے، ضمنی انتخابات میں عام طور پر ٹرن آوٹ کم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلی بار حقائق سامنےلائے اور معاشی صورتحال سے قوم کوآگاہ کیا، مہنگائی عارضی بھونچال ہے، پروپیگنڈا زیادہ کیا جارہا ہے، قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان اگلے ہفتے قوم سے خطاب کریں گے جب کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں، ہم قوم کی توقعات پرپورا اتریں گے۔
واضح رہے کہ ملک موجودہ معاشی صورتحال کے سبب حکومت کو سیاسی حلقوں کی جانب سے سخت تنقیدکا سامنا کرنا پڑاہے اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔