قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے جس کے مطابق قومی اسمبلی کی 11 نشستوں پر پولنگ ہوئی جن میں 8 نشستیں پنجاب سے جبکہ ایک ایک نشست سندھ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد سے ہے۔ پی ٹی آئی اور (ن) لیگ نے چار چار جبکہ ق لیگ نے دو اور ایم ایم اے نے ایک نشست حاصل کرلی۔
خیبر پختونخوا کی ایک نشست این اے 35 بنوں سے ایم ایم اے کے امیدوار زاہد اکرم درانی ایک لاکھ 45 ہزار ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار ملک عدنان خان نے 1 لاکھ 40 ہزار 258 ووٹ حاصل کرلیے۔
اسلام آباد کی ایک نشست این اے 53 سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی نواز اعوان 50 ہزار 943 ووٹ لے کر جیت گئے۔
سندھ میں این اے 243 کراچی سے پی ٹی آئی کے امیدوار اور فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان 35 ہزار 727 ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ ایم کیو ایم کے امیدوار عامر ولی چشتی 15 ہزار 113 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
پنجاب کے 8 حلقوں میں سے ن لیگ نے 4 جب کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ نے دو دو حلقوں میں فتح حاصل کی۔
این اے 56 اٹک سے (ن) لیگ کے امیدوار ملک سہیل خان ایک لاکھ ووٹوں 15 ہزار 272 ووٹ سے کامیاب ہوگئے ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار ملک خرم خان نے 80 ہزار 92 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 60 راولپنڈی سے تحریک انصاف کے امیدوار اور شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے 44 ہزار 483 حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سجاد خان نے 43 ہزار 836 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 63 ٹیکسلا سے پی ٹی آئی کے منصور حیات خان 67 ہزار 422 ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ (ن) لیگ کے امیدوار بیرسٹر عقیل 40 ہزار 278 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 65 چکوال سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے امیدوار اور چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین جیت گئے جنہوں نے 98 ہزار 364 ووٹ حاصل کیے جب کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار محمد یعقوب 34 ہزار 811 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 69 گجرات سے (ق) لیگ کے امیدوار مونس الٰہی 65 ہزار 759 ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ ان کے مدمقابل (ن) لیگ کے امیدوار عمران ظفر نے 14 ہزار 956 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 103 فیصل آباد سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار علی گوہر خان 76 ہزار 626 ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ پی ٹی آئی کے امیدوار محمد سعد اللہ 65 ہزار 583 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 131 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سعد رفیق نے فتح حاصل کرلی، انہوں ںے 60 ہزار 352 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار ہمایوں اختر خان نے 50 ہزار 155 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 124 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 75 ہزار 12 ووٹ لے کر فتح یاب ہوگئے جب کہ پی ٹی آئی کے امیدوار غلام محی الدین 30 ہزار 115 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ خاقان عباسی نے اپنے مدمقابل امیدوار پر 45 ہزار ووٹوں کی سبقت حاصل کی۔