اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن و استحکام کا خواہاں اور دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہے، پڑوسی ملک کے جوہری تجربات خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنےمیں رکاوٹ ہیں۔
اسلام آباد میں اسٹریٹجک اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کے تحت عالمی کانفرنس سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں تزویراتی استحکام کی حمایت کرتا ہے، ہمیں خطے میں سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دینی چاہیے، عالمی امن کو لاحق خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹا جاسکتا ہے، جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان امن و استحکام کا خواہاں اور دنیا میں جوہری عدم پھیلاؤ کا حامی ہے، پڑوسی ملک کے جوہری تجربات خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنےمیں رکاوٹ ہیں۔ پاکستان جوہری ہتھیاروں کی دوڑمیں شامل نہیں ہوگا، ہمارے جوہری ہتھیار صرف دفاع کیلئے ہیں کیونکہ دفاع مضبوط بنا کر ہی دیرپا امن کا قیام ممکن ہے۔