اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثارنے کہا ہےکہ وقت آگیا ہے جب لوگوں کو قبروں سے نکال کر ٹرائل کیے جائیں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے چکوال میں غیر قانونی سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام کے معاملے کے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کی انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ رپورٹ کے مطابق سابق سرکاری افسر اور علاقے کے سیاستدان اس میں ملوث ہیں، ضلعی ناظم، سیکریٹری مائنز اور تحصیل ناظم غیرقانونی این اوسی جاری کرنے میں ملوث ہیں۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی رپورٹ پر عدالت نے اینٹی کرپشن کو نامزد افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ وقت آگیا ہے جب لوگوں کو قبروں سے نکال کر ٹرائل کیے جائیں۔
عدالت نے کارروائی کی ہدایت دینے کے بعد معاملہ نمٹا دیا۔