لاہور:آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار صدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کردی گئی ۔
اطلاعات مطابق آج جسمانی ریمانڈ کے اختتام پرقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کوسخت سیکیورٹی میں بکتر بند کی جگہ عام گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا۔
احتساب عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے شہباز شریف کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کے بعداحتساب عدالت نے شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کردی۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
اگلے روز انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جج نجم الحسن نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔