لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز سے آج اسلام آباد پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) افسران کی دو رکنی ٹیم شہباز شریف کو اسلام آباد لے کر جائے گی، شہبازشریف کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 652 سے اسلام آباد لے جایا جائے گا، پرواز صبح 9 بجے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگی۔
پولیس اور نیب راولپنڈی کی ٹیمیں شہباز شریف کو ایئرپورٹ سے پارلیمنٹ تک لائیں گی، نیب ٹیم شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کرے گی اور قومی اسمبلی اجلاس کے بعد سارجنٹ ایٹ آرمز شہباز شریف کو نیب ٹیم کے حوالے کریں گے۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 652 صبح 10 بجے لاہور سے اسلام آباد پہنچے گی، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر بھی کریں گے، اور تمام ن لیگی ارکان بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اگر اجلاس ایک دن سے زیادہ مدت کا ہوا تو شہباز شریف کو نیب تھانے کی حوالات میں رکھا جائے گا۔
آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ اپوزیشن کی درخواست پر شہباز شریف کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو بلارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کو شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور وہ اجلاس میں شریک ہوسکتے ہیں۔