لاہور:زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو 17 اکتوبرکو پھانسی دی جائے گی،لاہور ہائیکورٹ نے زینب زیادتی و قتل کیس کے مجرم عمران کو سر عام پھانسی دینے کی استدعا مسترد کردی۔
قصور میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی 7 سالہ زینب کے والد امین انصاری نے عدالت عالیہ سے مجرم کو سر عام پھانسی دینے کی درخواست کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار شمیم احمد خان اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل لاہور ہائیکورٹ کے بینچ نے مذکورہ درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران مدعی امین انصاری کے وکیل اشفاق چوہدری نے عدالت عالیہ میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 22 کے تحت پبلک مقام پر پھانسی ہو سکتی ہے۔
جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ سیکشن 22 پڑھیں، جس میں لکھا ہے کہ یہ حکومت کا کام ہے اور ہم حکومت نہیں۔
اس کے ساتھ ہی عدالت عالیہ نے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے سے متعلق مقتولہ زینب کے والد کی استدعا مسترد کردی۔