کوئٹہ:پاکستان کے بالائی علاقوں میں برفباری اوربارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا،مانسہرہ کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری سے درجہ حرارت منفی ڈگری تک گرگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش سے سردی میں شدید اضافہ ہوگیا ہے، مری شہر اور گردونواح میں ابھی بھی بارش کا سلسلہ جاری ہےجبکہ برفباری کے باعث بابوسر ٹاپ ناران شاہراہ مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔
گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے۔ آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بھی برفباری اور رم جھم برسات نے سردی میں اضافہ کردیا ہے۔
تفریحی مقام شوگران میں اب تک 6انچ جبکہ ناران میں 8انچ تک برف پڑ چکی ہے،بارش اور برفباری سے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد پر پہنچ گیا ہے۔
ناران میں رات بھر ہونے والی برفباری سے کئی گاڑیاں پھنس گئی ہیں،کالام کے پہاڑوں پر برفباری جبکہ سوات،مالاکنڈ،صوابی اورایبٹ آباد میں بارش نے موسم کو سرد کردیا ہے۔
قبل از وقت برفباری سے ناران میں مقیم سیاح پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ برفباری سے ناواقف ڈرائیوروں کو بھی پھسلن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترجمان این ایچ اے کے مطابق ناران اور بٹہ کنڈی کیمپوں سے بھاری مشینری برف کی صفائی کے لیے روانہ کر دی گئی ہےجو سیاحوں کے باحفاظت انخلا کی کاروائی بھی کرے گی۔