اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہےکہ شور شرابا کرنے سے احتساب کا عمل نہیں رکے گا اور احتساب کے عمل سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ احتساب کے عمل کے لیے کیا تبدیلیاں کی جائیں، جن لوگوں نے پاکستان کو اس حالت تک پہنچایا ہے ان پر کارروائی میں کمی نہیں آنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب میں شفافیت کس طرح لائی جا سکتی ہے اس پر تجاویز سامنے لائیں،جس طرح معاملات آگے چل رہے ہیں، ہمارا اس میں عمل دخل نہیں، سرکاری مال کو باپ کا مال سمجھ کر استعمال کیا گیا، شور شرابا کرنے سے احتجاج کا عمل روک دیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ 50 آدمی جیل میں ہونے چاہئے، زیادہ شور وہی 50 آدمی کر رہے ہیں،پاکستان میں کوئی ادارہ منافع نہیں کما رہا،کوئی ادارہ ایسا نہیں جو اربوں روپے کے نقصان میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتساب کے عمل سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، حکومت کے خلاف سازش کی کسی کی اوقات نہیں، حکومت مضبوط ہے۔