نیب نے مجھے خواجہ آصف کے خلاف گواہ بنانے کی کوشش کی ،شہباز شریف

اسلام آباد:آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ منتخب رہنما کو بھونڈے طریقے اور فراڈ سے گرفتار کیا گیا ،پی ٹی آئی اور نیب کا چولی دامن کا ساتھ ہے، مرضی کے دھاندلی زدہ نتائج حاصل کرنے کی کوششیں کی گئیں۔تحریک انصاف اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے درمیان ناپاک اتحاد ہے اور نیب والے کہتے ہیں خواجہ آصف کے خلاف گواہی دیں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے جس کا مطالبہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سامنے آیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شاید تاریخ کا جبر ہے یا تاریخ رقم کی جارہی ہے ، میں یہاں مقدمے کے میرٹ یا فیکٹس پر بات نہیں کروں گا بلکہ تحریک انصاف اور نیب کے ناپاک الائنس پر بات کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دھاندلی کی پیداوار وزیراعظم ہیں، تیرہ مئی کو ہمارے خلاف دہشتگردی کے مقدمے قائم کیے گئے،مسلم لیگ کےرہنماؤں کونیب کےعقوبت خانوں میں پہنچایا گیا،شیخ رشید نےکہا تھا کہ شہبازشریف جیل کی ہوا کھائےگا،چیئرمین نیب نے میرےگرفتاری کے آرڈرپانچ اور چھ جولائی کےدرمیان تیارکرلیے تھے،نیب نے ضمنی انتخاب سے پہلے موخرفیصلے پرعمل درآمد کیا۔
قائدِ حزب اختلاف نے کہا کہ عمران خان کی چھوڑی ہوئی سیٹیں ہم نے جیتیں،ثابت ہوگیا کہ الیکشن دھاندلی زدہ تھا،یا تو عام انتخابات کا نتیجہ غلط تھا یا ضمنی انتخاب کے نتائج غلط ہیں، اپوزیشن کےارکان کو نیب نے نشانے پررکھا ہوا ہے،ایسا کبھی نہیں ہوا کہ دو ماہ میں اتنی بڑی تبدیلی آجائے،ضمنی انتخاب سچا تھا یا عام انتخابات جعلی تھے،اس جھوٹ کے پلندے سے اس نظام کو خطرہ پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ پر نظام کو بچانے کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے،میں یہاں اپنےاوپرالزامات کی صفائی پیش کرنےنہیں آیا،میری جھولی میں عوامی خدمت،امانت اور دیانت کے سواکچھ نہیں،پارلیمنٹ نے فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیایہاں جنگل کا قانون ہوگا،اگرکوئی فاشسٹ ہے تواسے ہٹلر اورمسولینی کاانجام یاد رکھنا چاہیے۔