لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے منشا بم اور اس کے بیٹے کو 10 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہورکی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج سجاد احمد نے منشا بم اور اس کے بیٹے کے کیس کی سماعت کی ۔
وکیل منشابم کا کہنا تھا کہ منشا بم کے خلاف ایف آئی آر میں دہشت گردی کی دفعات نہیں بنتی، ملزم سے پولیس نے کچھ بھی برآمد نہیں کرنا جسمانی ریمانڈ کی استدعامسترد کی جائے۔
پراسیکیوٹر وقار بھٹی نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ منشا بم نے 27کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کررکھا ہے، اس اراضی پر 80دکانیں تعمیر کر رکھی ہیں۔
گزشتہ 10 سالوں میں 60کروڑ روپے کرایہ وصول کیا، عدالت منشا بم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرے۔
اس موقع پر عدالت نے 10 روزہ ریمانڈ پر انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔