اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 23 اکتوبر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اس سے پہلے 18 ستمبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان 23 اکتوبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض جائیں گے جہاں وہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس دوم میں شرکت کریں گے، عمران خان کو دورے کی دعوت خاص طور پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی تھی۔
ترجمان کے مطابق کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے عالمی سرمایہ کاروں کو آگاہ کریں گے، پچھلے سال پہلی کانفرنس میں 90 ممالک سے 3800 افراد نے شرکت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب کا مقصد آئی ایم ایف بیل آؤٹ پروگرام سے بچنے کے لیے مالی امداد کا حصول ہے یا پھرعالمی مالیاتی ادارے سے بیل آؤٹ پیکچ پر مذاکرات کے موقع پر پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں لانا ہے۔