کراچی: ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کے لیے سندھ حکومت نے انٹرویوز کی بنیاد پر ڈاکٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنےکیلئے انٹرویوزکی بنیاد پر ڈاکٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بغیر تحریری امتحان کے صوبے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد ڈاکٹرز بھرتی کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وقت بچانے اور عوام الناس کو فوری ریلیف دینا چاہتے ہیں، سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے امتحان لینا طویل عمل ہے، ڈاکٹروں کی بھرتی کے لیے سندھ کابینہ منظوری دے چکی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ ڈاکٹرز کی بھرتی فوری طور پر شروع کی جائے گی، ابتدائی طور پر ماہر اور ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا، انہیں بعد میں سندھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔