کراچی:کراچی کے ایک سافٹ وئیر ہاؤس کریئٹو کیوس کے سربراہ سے خاتون ملازمہ کو حجاب کرنے سے منع کرنے پر استعفیٰ لے لیا گیا۔خاتون کو حجاب سے منع کرنے پر کریئٹو کیوس کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔
تنقید کے بعد کمپنی نے اپنے فیس بک پیج کے ذریعے ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کریئٹو کیوس سافٹ وئیر سروسز کے سی ای او کو کام کرنے کی جگہ پر امتیازی سلوک برتنے پر مستعفی ہونے کے لیے کہہ دیا گیا ہے۔
بعد میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں خاتون سے غیر اخلاقی رویے کا اعتراف کیا گیا۔
بیان میں میں کہا گیا ہے کہ ایک نوجوان پروفیشنل خاتون نے کریئٹو کیوس سافٹ وئیر سروسز سے اس لیے استعفیٰ دیا کیونکہ انہیں یہ احساس دلایا گیا کہ وہ سرڈھانپ کر اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکیں گی۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مطابق اس غیر اخلاقی صورت حال کے علم میں آنے کے بعد گروپ سی ای او کی جانب سے خاتون سے فوری طور پر معذرت کی گئی اور ان سے استغفیٰ واپس لینے کی درخواست کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کمپنی کے سی ای او اور ہائرنگ منیجر دونوں کمپنی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر کریئٹو کیوس سے متعلق یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہاں ایک نووارد خاتون کو اس کے لائن منیجر کی جانب سےکہا گیا کہ وہ صرف اس صورت میں اپنی نوکری جاری رکھ سکتی ہیں جب وہ اسکارف کرنا ترک کر دیں۔
پوسٹ میں خاتون کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ مذکورہ معاملے کو جب سی ای او کے پاس لے جایا گیا تو انہوں نے بھی یہی کہا کہ اسکارف کی وجہ سے کمپنی کاغلط تاثر ابھرے گا اس لیے انہیں کسی اسلامی بینک میں کام کرنا چاہیے۔
مبینہ طور پر سی ای او کی جانب سے خاتون کو استعفیٰ دینے کے لیے بھی کہا گیا لیکن مذکورہ وجوہات کو تحریری شکل میں دینے سے انکار کیا اور اس خاتون کو قانونی چارہ جوئی کرنے سے بھی منع کیا گیا۔