پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا نیا پاکستان عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے،صاف نظر آ رہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو بغیر تیاری کے لایا گیا ہے۔
گیس کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی کی سمت کیا ہمیں تو پالیسی ہی نظر نہیں آرہی،حکومت صرف عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہی ہے،مہنگائی نے غریب کا جینا اجیرن کردیا ہے۔
ان کا کہناتھاکہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کا اعلان کرنے والےسب سے بڑا قرضہ لے رہے ہیں، بہترمعاشی پالیسی نہ دی گئی توعام آدمی کیلئے ایک وقت روٹی کاحصول ممکن نہیں رہےگا۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ 50 لاکھ گھردینےکا وعدہ کرنے والے غریبوں سے چھت تک چھین رہےہیں،ہم نے اپنے دور میں بدترین مالی مشکلات کا سامنا کیا، ہم نے معاشی زبوں حالی کے باوجود عوام کو مہنگائی سے محفوظ رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارےدورمیں عالمی مارکیٹ میں تیل 148 ڈالرفی بیرل تھا لیکن قیمتیں نہیں بڑھائیں،عوام کوریلیف دینےکا وعدہ کرنےوالےغریب سےجینےکاحق تک چھین رہےہیں ۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ جی ڈی پی گروتھ 4فیصد،مہنگائی کی شرح 14 فیصد تک جانےکا خدشہ ہے،مہنگائی کرکےغریبوں کے چولھے ٹھنڈے کئے جا رہے ہیں۔