اسلام آباد:ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے وزیراعظم عمران خان خود متحرک ہوگئے، اس سلسلے میں وہ کل سے 3 غیر ملکی دوروں کا آغاز کریں گے۔وزیراعظم معاشی بحران کے حل کے ایجنڈے کے تحت سعودی عرب، ملائشیا اور چین جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان پیر کو دورہ سعودی عرب کے دوران مدینہ منورہ پہنچیں گے جب کہ منگل کو دارالحکومت ریاض میں سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے جس میں معاشی تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔ سعودی عرب سے واپسی پر وزیراعظم آئندہ 3 روز سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے ساتھ اعلی سطح کی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر اعظم 28 اکتوبر کو ملائشیا جائیں گے، جہاں وہ پاک ملائشیا تعلقات اور معاشی تعاون پر بات کریں گے، جس کے بعد وزیراعظم 3 نومبر کو چین روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی قیادت کے ساتھ سی پیک اور معاشی تعاون پر تفصیلی گفت وشنید کریں گے۔