کراچی : قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247، سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247، سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 5 بجے تک جاری رہی تاہم اب ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور گنتی جاری ہے۔
عام انتخابات میں یہ تینوں نشستیں تحریک انصاف نے جیتی تھیں۔ این اے 247 سے پی ٹی آئی کے عارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل کامیاب ہوئے تھے۔ یہ نشستیں عارف علوی کے صدرمملکت منتخب جب کہ عمران اسماعیل کے گورنر سندھ مقرر ہونے کے باعث خالی ہوئی تھیں۔جبکہ پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 کی نشست گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد چھوڑی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے این اے 247 پر آفتاب صدیقی، ایم کیو ایم کی طرف سے صادق افتخار، پیپلزپارٹی کی جانب سے قیصر نظامانی اور پاک سرزمین پارٹی کے ارشد وہرہ میدان میں ہیں۔
دوسری جانب پی ایس 111 پر تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، پی ایس پی کے یاسرالدین، ایم کیو ایم پاکستان کے جہانزیب مغل، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اور آزاد امیدوار جبران ناصر میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 78ہزار 965 ہے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ این اے 247 کے لیے 240 پولنگ اسٹیشنز اور پی ایس 111 کے لیے 80 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
پی کے 71 کے حلقےپر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا کے بھائی سمیت 5 امیدوار مدمقابل ہیں۔
شاہ فرمان کے بھائی ذوالفقار خان کا اصل مقابلہ عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدین سے ہے جبکہ تین آزاد امیدوار بھی انتخابی دنگل میں حصہ لے رہے ہیں۔
نواحی دیہات پر مشتمل اس حلقے کی سرحدیں سابقہ خیبر ایجنسی سے ملتی ہیں۔
اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 451 ہے جن میں مرد ووٹرز 79ہزار 836 اور خواتین ووٹرز 53 ہزار 615 ہیں۔
اسی طرح حلقے میں کُل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 86 ہے جن میں 48 مردوں اور 35 خواتین کے لیے ہیں۔ اس حلقے کے 51 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔