لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی اہلخانہ سے نیب آفس میں ملاقات کرائی گئی،اس موقع پر انہوں نے اہلخانہ کے ساتھ رات کا کھانا بھی کھایا۔ شہباز شریف کو اہلخانہ نےعشائیے میں دال چاول، باربی کیو اور کھیر پیش کی۔
حمزہ شہباز، سلمان شہباز، اہلیہ نصرت شہباز اور عباس شریف کے بیٹے بھی شہبازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے ملاقات میں ان کے دونوں بیٹے، اہلیہ، بہو، نواسیاں اور بیٹی موجود تھے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اہل خانہ سے گفتگو میں کہا کہ شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو فخرہونا چاہیے کہ مجھ پرکرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں کیا جاسکا، اختیارات سے تجاوز کے الزام میں بھی کوئی حقیقت نہیں ہے۔انہوں نےمزید کہاکہ آپ سب کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کڑا اور کٹھن وقت ضرور ہے، لیکن مشرف دور سے زیادہ مشکل نہیں۔