اسلام آباد:قومی احتساب بیورو( نیب) نےسابق وزیراعظم نوازشریف ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہےکہ ہائیکورٹ نے مقدمہ کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا، ہائیکورٹ نےاپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کاحکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔
ذرائع کے مطابق نیب کی اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر 19 ستمبر کو فیصلہ سناتے ہوئے تینوں کی سزا معطل کرکے رہائی کا حکم دیا تھا جب کہ نیب کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کا فیصلہ کیا گیا تھا۔