لاہور: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ بانی ایم کیو ایم پر بہت مقدمے درج ہیں وہ اگر پاکستان آئے، تو انھیں گرفتار کریں گے۔
اطلاعات کےمطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نےکراچی آپریشن سے متعلق بات کرتےہوئے کہاکہ سیاست اورجرائم کا گٹھ جوڑ سامنے آیا، تو آپریشن کا فیصلہ کرنے والی لیڈر شپ نے ہمیں بٹھا کر کہا کہ کراچی سے جرائم ختم کرنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اومنی گروپ کے دفتر پر چھاپا اسلحہ کی اطلاع پر کیا گیا تھا، ہائی پروفائل کیسز میں پولیس چھاپہ مارتی ہے رینجرز کو اسکواڈ میں رکھاجاتا ہے، البتہ رینجرزکی موجودگی سے تاثر جاتا ہے کہ رینجرز نے چھاپہ مارا۔
میجر جنرل محمد سعید نے کہا کہ عزیر بلوچ رینجرز کی کسٹڈی میں اس وقت تھا جب گرفتار ہوا تھا، عزیر بلوچ کا کیس ملٹری کورٹ میں ہے اس پرمتعلقہ حکام ہی بتاسکتے ہیں، جرائم سےمتعلق بہت سی جےآئی ٹی میں حماد صدیقی کا نام موجود ہے، بلدیہ فیکٹری کیس میں گرفتارزبیر چریا اور رحمان بھولا جیل میں ہے۔
ڈی جی رینجرز سندھ نے کہاکہ عام تاثر ہے پولیس میں بھرتیاں سیاسی بنیاد پر ہوتی ہیں، البتہ کراچی میں جتنی ٹارگٹ کلنگ کا شکار پولیس ہوئی ہے اتنا کسی شہر میں نہیں ہوئی، سوسائٹی کو ملکر پولیس کےساتھ کھڑے ہوناچاہئے اور تعاون کرناچاہیے۔ اسٹریٹ کرائم ختم کرناچاہتے ہیں تو پولیس کو آئی ٹی شعبے میں بہتربناناہوگا۔