اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے،جہاں مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان اور سعودی سفیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر مدینہ منورہ پہنچے ہیں جہاں وزیر اعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دیں گےاور مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم 23 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ 5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں منعقدہ اس سرمایہ کاری کانفرنس میں 90 ممالک سے 3 ہزار 800 مندوب شرکت کر رہے ہیں۔