لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد انوارالحق نے لاہور ہائی کورٹ کے 47 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ان سے حلف لیا-
گورنر ہاوس لاہور میں ہونے والی سادہ اور پُروقار تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار، لاہور ہائی کورٹ کے جج صاحبان ، صوبائی وزراء، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسو سی ایشن کے صدور و دیگر عہدیداروں سمیت سینئر وکلاء، وفاقی وصوبائی لاءافسران، سول و عسکری افسران اور اعلی حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد یاور علی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوگئے ہیں۔
جس کے بعد گزشتہ روز صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس انوار الحق کو لاہور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔
جسٹس محمد انوار الحق 31 دسمبر 2018 تک چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے پر فائز رہیں گے۔