تعلقات میں بہتری کیلئے بھارت میں الیکشن کا انتظار کررہےہیں،عمران خان

ریاض: وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان میں ادارے مضبوط کرنا ہمارے لیےچیلنج ہے، نئی دہلی سے تعلقات میں بہتری کیلئے بھارت میں الیکشن ہونے کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ بھارت میں پاکستان مخالفت پر ووٹ ملتے ہیں۔

سعودی عرب میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں فوری طور پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا سامنا ہے اور قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرضوں کی ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم نے قرض کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ معیشت کی بہتری کے لیے ہر صورت منی لانڈرنگ کو روکنا ہوگا، کرپشن ہی ملکوں کو غریب بناتی ہے، کرپٹ حکمران کرپشن کیلئے گرفت کرنے والے اداروں میں اپنے لوگ لگا کر انہیں تباہ کرتے ہیں۔
کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اقتدار میں آئے 60 دن ہوئے ہیں، ہمیں اپنی برآمدات بڑھانی ہیں تاکہ زرمبادلہ بڑھایا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے 3 سے 6 ماہ پاکستان کے لیے سخت ہیں، بدعنوان لوگوں کے بڑی پوزیشن پر ہونے کے باعث ادارے تباہ ہوئے لیکن ہم برآمدکنندگان کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم جو بھی اصلاحات کریں گے، اس کا اثر آنے والے دنوں پر پڑے گا۔