پی آئی ڈی کی عمارت میں آتشزدگی- واقعے کی تحقیقات کیلئےکمیٹی تشکیل

اسلام آباد: پریس انفارمیشن کی بلڈنگ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تاہم واقعے کی تحقیقات کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات نے فواد چوہدری نےکمیٹی تشکیل دے دی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزرات اطلاعات کے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کی 6 منزلہ بلڈنگ کے ایک حصے میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اور بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

فائر بریگیڈ کی 9 گاڑیوں نے ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا اور تقریباً ایک گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا تاہم آگ لگنے کے باعث پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کا ریکارڈ روم مکمل طور پر جل گیا۔

پی آئی ڈی کی عمارت کے اطراف میں ہی گلگلت بلتستان سیکریٹریٹ، زکوۃ آڈٹ اور الیکشن کمیشن کے دفاتر بھی موجود ہیں جو آگ سے محفوظ رہے۔