اسلام آباد: وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہتے ہیں مگر بھارت مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتا اور کشمیریوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے، انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہوگااوردونوں جانب سے فورسز کو واپس بھیجنا ہوگا۔
کشمیر کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، ہندوستان کشمیر کے معاملے کو اقوام متحدہ میں لے کرگیا تھا، ہم نے کشمیر پر کبھی لانگ ٹرم پالیسی نہیں بنائی، کچھ لوگ ہماری کشمیر پالیسی کو خراب کررہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی تمام تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر میں زمین آسمان کا فرق ہے، وزارت انسانی حقوق انسانی حقوق کمشنر کو دورہ پاکستان اور دورہ آزاد کشمیر کی دعوت دے گی۔