اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت کی پالیسی سیدھی ہے، سرمایہ کاری اور کاروبار کے راستے میں جو رکاوٹیں ہیں انہیں دور کرنا ہمارا کام ہے ،
انہوں نے کہاکہ ہم 50 لاکھ گھر بنارہے ہیں جو بڑا ہدف ہے اور اس کے لیے چین سے بھی سرمایہ کاری لائیں گے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہماری نوجوان آبادی ہے اور ہمیں نوکریوں کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں میں چین جارہے ہیں، کوشش ہے کہ سی پیک کے نیچے بننے والے پراجیکٹ میں جوائنٹ ایڈونچر کیا جائے، اس سے پاکستان میں سرماریہ کاری ہوگی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ چین سے ہاؤسنگ کے شعبے پر بھی بات ہوگی، ہم عام انسانوں کے لیے 50 لاکھ گھر بنارہے ہیں جو بہت بڑا ہدف ہے تاکہ اسے آسان قسطوں پر دیں، اس کے لیے بھی سرمایہ کاری لائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چائنا سے ہمارا سرمایہ کاری اور کاروبار کا رشتہ سی پیک کے ذریعے آگے بڑھے گا، جو ہماری حکومت کا وژن ہے، پاکستان ایسا ملک بنے گا اس سے بیرون ملک نوکری کے لیے جانے والوں کو واپس بلائیں گے۔