اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نےنجی ٹی وی کے پروگرام میں انکشاف کیا کہ این آر او کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو ان سب کی طرف سے پیغامات آئے ہیں جن کے خلاف کیسز ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف دوبارہ جیل جائیں گے اور 100 فیصد جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہل میٹل کیس کے حقائق سامنے ہیں، نواز شریف دبئی میں ایف زیڈ ای کپیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کمپنی سے پیسے ہل میٹل کو دیے جاتے ہیں، پھر ایک ڈرائیور، ایک باورچی اور ایک گارڈ کے پاس آتے اور پھر 80 کروڑ روپے کی رقم اکٹھا ہوکر مریم نواز کے اکاؤنٹ میں چلی جاتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف سابق صدر پرویزمشرف سے 10 سال کا معاہدہ کرکے باہرگئے، سعودی عرب میں شریف فیملی کا کوئی ذکربھی نہیں ہوتا۔