اسلام آباد: ایف آئی اے نے سپریم کورٹ میں پاکستانیوں کے غیرملکی اثاثوں سے متعلق رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں کئی سیاسی شخصیات اور انکے اہلخانہ کے نام جائیدادیں نکل آئی ہیں تاہم وزیراعظم کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی دبئی میں بے نامی جائیداد کی مالک ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے نےوزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم کو نوٹس جاری کر دیا اور یہ نوٹس ان کے اپنے ملازم کے دعوے کی روشنی میں بذریعہ ای میل بھی بھیجا گیا ہے۔
اس کے علاوہ دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی فرخ سلیم کی والدہ، پی ٹی آئی رہنما ممتاز احمد مسلم، عدنان سمیع خان کی والدہ نورین سمیع خا ن اورپیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر مرحوم مخدوم امین فہیم کی اہلیہ رضوانہ امین کے نام 4 جائیدادیں ہیں تاہم انہوں نے ان جائیدادوں کی ملکیت سے انکارکیا ہے اوران کے ملازم نے نوٹس وصول نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی سہیل حبیب تاجک، سابق ایکسین زاکم خان، سابق سینیٹر انوربیگ کی اہلیہ، سینیٹر تاج محمد آفریدی، میر حسن تالپور، سابق سینیٹرعمار احمد خان، کسٹمز کلیکٹر شاہد مجید، ایف بی آرافسر واصف خان، سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کی اہلیہ، کلیکٹرکسٹمز واحد خورشید کی اہلیہ جب کہ مشرف کے سابق سیکرٹری طارق عزیز کی بیٹیاں بھی دبئی میں جائیداد کی مالک نکلیں۔