اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ اور امریکا میں نئے سفیر تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا سے علی جہانگیر صدیقی کو واپس بلایا جارہا ہےاور انکی جگہ ڈاکٹر اسد مجید خان پاکستان کے نئے سفیر ہوں گےجبکہ برطانیہ میں نفیس ذکریا کو ہائی کمشنر تعینات کیا جارہا ہے ۔
وزیرخارجہ کے مطابق جن نئے سفرا کو دیگر ممالک میں تعینات کیا جارہا ہے ان میں راجہ علی اعجاز کو سعودی عرب، قطر دوحہ میں سید احسن رضا، سربیا میں شہریار اکبر خان، ہوانا میں صاحبزادہ احمد خان،مراکش میں حامد اصغرخان کو سفرا جب کہ کینیڈا میں رضا بشیر تارڑ کو ہائی کمشنر اور دبئی میں احمد امجد علی کو قونصل جنرل مقرر کیا جا رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئے سفرا کی تعیناتی میں نہ تو کوئی سیاسی عمل دخل شامل ہے اورنہ ہی ذاتی پسند اورناپسند کو سامنے رکھا گیا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز کا وفد اسلام آباد آیا ہوا ہے جب کہ 16 لاکھ پاکستانی یواے ای میں ہیں جہاں سے پاکستانی 4 ارب 30 کروڑ ڈالرز کاخطیر زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔