اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سے اعلیٰ سطحی وفد پاکستان آیاہے اور یو اے ای کے ولی عہد نے اماراتی وفد کوواضح پیغام دیکر پاکستان بھیجاہے ، متحدہ عرب امارات پاکستان میں ایل این جی ٹرمینل لگانا چاہتاہے ، سعودی عرب کی طرح امارات سے ادھار تیل لینے پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔
دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ متحدہ عر ب امارا ت کے ساتھ تعلقات کوفروغ دینا چاہتے ہیں، پچھلے پانچ سال سے یو اے ای کے ساتھ تعلقات میں خلل آیا تھا ، اب کوشش کررہے ہیں کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کوفروغ دیا جائے ۔
ا نہوں نے کہا کہ جس طرح سعودی عرب نے ہمیں تیل پر سہولت دی ہے اور اسی طرح متحدہ عرب امارات سے بھی موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی پر بات چیت ہوئی ہے ۔
یو اے ای کے وفد نے پاکستان میں فوڈ ، ہاؤسنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کار ی کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ اماراتی وفد سے پھلوں اور سبزیوں کی بر آمدات پر بھی بات کی گئی ہے ، متحدہ عرب امارات نے صاف پانی کی ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرلی ہے ، اگر یو اے ای پاکستان میں صاف پانی کیلئے سرمایہ کاری کرتاہے تو یہ بڑی پیش رفت ہوگی اور کراچی کے ساتھ ساتھ گوادر میں بھی صاف پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا ۔