اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نےوزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کی 8 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاہے۔
اطلاعات کے مطابق کمیٹی کے ارکان میں وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، مشیر صنعت و تجارت عبد الرزاق داؤد، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری عشرت حسین، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت شامل ہیں۔
سندھ سے نثار احمد کھوڑو ایکنک کے رکن ہوں گے جب کہ وزیر خزانہ کے پی تیمور سلیم خان جھگڑا اور بلوچستان کے وزیر مواصلات نواب زادہ طارق خان مگسی بھی ایکنک کے رکن ہوں گے۔
سیکرٹریز خزانہ، منصوبہ بندی، اقتصادی امور ڈویژن کو خصوصی دعوت پر اجلاسوں میں بلا یا جائے گا۔ اسی طرح ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی تعیناتی کے بعد خصوصی دعوت پر اجلاسوں میں بلایا جائے گا جب کہ دیگر وفاقی اور صوبائی افسران کو ضرورت کی بنیاد پر اجلاسوں میں شریک کیا جائے گا۔