نیویارک:جو افراد دودھ نہیں پیتے ان کے لیے خاص تائید کی گئی ہے کہ وہ روزانہ ’دہی‘ کا استعمال کریں کیونکہ دہی ایک کیلشیم، پروٹین، پروبائیوٹک، وٹامن بی -2، وٹامن بی -12، پوٹاشیم، اور میگنیشیم سے بھرپور غذا ہے جسے دودھ سے تیار کیا جاتا ہے۔ دہی کو ڈیری پراڈکٹس کا ہیرو بھی کہا جاتا ہے۔ روزمرہ کے کھانوں میں اس کا استعمال عام ہے، اس کے علاوہ سلاد کی ڈریسنگ اور مشروب کے طور پر بھی دہی کو بہت پسند کیا جاتا ہے۔
دہی سے جسم کو بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں بلکہ کچھ لوگوں کا تو یہ بھی ماننا ہے کہ دہی دودھ سے زیادہ فائدے مندغذا ہے۔ دہی کے بے شمار فوائد میں چند مندرجہ ذیل ہیں:
نظام انہضام کے لیے مفید:
دہی کا شمار بہترین پروبائیوٹک میں ہوتا ہے، اس میں شامل ضروری غذائی اجزا آسانی سے کھانے ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ دہی معدے میں تیزابیت نہیں ہونے دیتا، اس سے معدے کی کئی تکالیف سے نجات ملتی ہے۔
قو ت مدافعت میں اضافہ کرے:
دہی کا روزانہ استعمال انسانی جسم میں قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے، قوت مدافعت کے اچھا ہونے سے انسان تمام تر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رہتا ہے۔ دہی کئی قسم کی بیماریوں کو ہونے سے روکتا ہے۔ یہ جسم میں ایس حفاظتی تہہ بنا دیتا ہے جو کسی بھی جراثیم کو جسم کو کمزور کرنے یا کسی بھی بیماری کو ہونے سے روکتی ہے۔
خوبصورت اورصحت مند جلد کے لیے مفید:
خوبصورت اور صحت مند جلد کے لیے دہی ایک بہترین غذا ہے۔ جلد اور بالوں کو خوبصورت بنانے والے کئی گھریلو ٹوٹکوں میں دہی کا استعمال کیا جاتا ہے ۔چہرے پر دہی کا استعمال خشک جلد کو مااسچرائز اور خوبصورت بناتا ہےاور چہرے پر موجود دانے اور داغ دھبوں کو دور کرتا ہے۔
اس کے علاوہ دہی بالوں کی صحت اور مضبوطی کے لیےبھی بہت فائدہ مند ہے۔ اس سے بالوں کی خشکی دور ہوجاتی ہےکیونکہ اس میں موجود لیکٹک ایسڈ خشکی پیدا کرنے والے فنگس کو ختم کرتا ہے ۔
ہائی بلڈپریشر کو کنٹرول کرتا ہے:
ماہرین صحت کے مطابق جو افراد ہائی بلڈ پریشر کی بیماری کا شکار رہتے ہیں ان کے لیے روزانہ دہی کا استعمال بے حد مفید ہے کیونکہ دہی بلڈ پریشرکو نارمل رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ دل کی صحت کے لیے بھی دہی فائدہ مند ہےاور یہ کولیسٹرول جیسے امراض سے بھی بچاتا ہے۔
ہڈیوں کے لیے مفید:
دہی میں موجود کیلشیم اور فاسفورس ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہےجبکہ کیلشیم اور فاسفورس ہڈیوں اور دانتوں کے لیے بے حد ضروری ہے۔ دہی کا مستقل استعمال آسٹوپروسس اور گٹھیا جیسے مرض کے خطرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ دہی میں نہایت کم کیلوریز پائی جاتی ہیں اسی لیے اس کا روزانہ استعمال وزن کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ بلکہ سائنسدانوں کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آپ وزن میں کمی چاہتے ہیں یا دل کی بیماریوں سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو ہر صورت روزانہ دہی کا ایک پیالہ ضرور کھائیں۔