کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ صوفی بزرگوں اور اولیاء کرام کی سرزمین ہے جہاں سے ہمیشہ پیار، محبت اور سلامتی کا درس ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب صوبائی سبجیکٹ ہے اور احتساب ہونا چاہئے لیکن غیر جانبدار انہ ہونا چاہئے۔
اس بات کا اظہار انہوں نے آج حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 275 ویں عرس مبارک کے اختتام پر مزار پر چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آج حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی درگاہ پرسندھ کی خوشحالی کے لئے دعا کرنے آیا ہوں۔
ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صرف بھٹ شاہ میں نہیں بلکہ صوبے کے دیگر علائقوں میں بھی صاف پانی کی قلت ہے اور اس مسئلے کے حل کے لئے کوشش کررہے ہیں جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے مختص کردہ بجٹ میں چار گنا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھٹ شاہ صوفی یونیورسٹی کے لئے مناسب زمین کی تلاش جاری ہے اور بہت جلد مناسب اور سستی زمین خرید کر یونیورسٹی کا تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ جب بھی طلب کرے گی وہ حاضر ہونگے کیونکہ ہم نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور چیف جسٹس کی ہدایات پر نیب سے ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔