کوئی اسرائیلی طیارہ پاکستان کے کسی ایئرپورٹ پر نہیں اترا، سول ایوی ایشن

کراچی : سول ایوی ایشن نے مبینہ اسرائیلی طیارے کی اسلام آباد آمد کی تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا اسرائیلی طیارےکی پاکستان آمدسےمتعلق افواہوں میں صداقت نہیں۔
حکومت کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں سول ایوی ایشن کے حوالے سے کہا گیا کہ ‘کسی اسرائیلی طیارے کی پاکستان کے کسی بھی ایئرپورٹ پر آمد کی افواہ میں کوئی صداقت نہیں۔
مزید کہا گیا کہ ایسا کوئی طیارہ پاکستان کے کسی ایئرپورٹ پر نہیں اترا۔
واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو ایوی شارف نامی ایک اسرائیلی صحافی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ایک اسرائیلی طیارہ پاکستان آیا، تاہم وہ طیارہ دارالحکومت تل ابیب سے براہ راست اسلام آباد نہیں پہنچا بلکہ طیارے کے پائلٹ نے چالاکی کرتے ہوئے پہلے اسے 5 منٹ کے لیے عمان میں لینڈ کروایا اور پھر وہاں سے اسلام آباد کے لیے اڑان بھری۔
دوسری جانب اسرائیلی صحافی کی ٹوئیٹ کے بعد سوشل میڈیا پر تبصروں اور افواہوں کا ایک سیلاب آگیا۔