گوجرانوالہ: انسداددہشت گردی کی عدالت نےسابق وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے میں ملوث مرکزی ملزم کو27 سال قید کی سزا سنادی جب کہ مقدمے میں گرفتار 4 سہولت کاروں کو بری کردیا گیا۔
گوجرانوالہ کی انسداددہشت گردی کی عدالت میں سابق وزیرداخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عابد حسین کو 27 سال قید کی سزا کا حکم دیا جب کہ ملزم عابد کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور استعمال کرنے پر بھی مزید 3 سال قید بھگتنا ہوگی۔عدالت نے 4 گرفتار سہولت کاروں کو بری کردیا۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں احسن اقبال پر نارووال کے علاقے کنجروڑ میں 6 مئی 2018 کو حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے تھے۔