کراچی: اومنی گروپ کیخلاف جاری تحقیقات کے باعث سندھ حکومت نے جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی سفارش پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انور مجید اور اومنی گروپ کو دی جانے والی سبسڈی فوری طور پر روک دی۔
سیکریٹری عمل درآمد سندھ مجتبیٰ جویو نے سپریم کورٹ کے حکم اور جے آئی ٹی کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز کو خط لکھا جو 8 وزارتوں اور صدر سندھ بینک کو ارسال کیا گیا۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ اومنی گروپ کودی گئی سبسڈی پر عمل درآمد روک دیا جائے لہٰذا جس سبسڈی کی منظوری دی جاچکی ہے، اس پر بھی عمل درآمد روکا جائے۔
خط کے متن میں تحریر ہے کہ جو چیک جاری کیے جاچکے ہیں، انہیں بھی منسوخ کیا جائے۔یاد رہے کہ سندھ حکومت ٹریکٹر مینوفیکچرنگ، شوگر انڈسٹری اور کیپٹو پلانٹ کی مد میں سبسڈی دے رہی تھی۔