پیرس:یورپی یونین کے پاکستان الیکشن سے متعلق مبصر مشن کے سربراہ مائیکل گاہلر نے کہا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا قیام اچھا اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم پینتالیس امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں کو مقررہ وقت پر دئیے جانے چاہئے تھےجبکہ سیکورٹی فورسز کو پولنگ اسٹیشنوں سے باہر رہنا چاہیے تھا۔
اسلام آباد میں 2018 کے عام انتخابات کے حوالے سے یورپی یونین مبصر مشن کی حتمی تفصیلی رپورٹ جاری کرتے ہوئے چیف الیکشن آبزرور مائیکل گاہلر کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنز پر مسلح افواج کی موجودگی سے کئی ووٹرز نے خود کو محفوظ اور کئی نے غیر محفوظ محسوس کیا۔
مائیکل گاہلر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنے فیصلوں، طریقہ کار اور عوامی دلچسپی کے کئی دیگر معلومات کو بروقت رائے دہندگان اور انتخابی عمل کے شراکت داروں تک پہنچانے میں ناکا م رہا۔
انہوں نے اپنی آٹھ ترجیحی سفارشات میں کہا کہ آئین اور الیکشن ایکٹ کا جائزہ لیا جائے، الیکشن قواعد اور ضوابط اخلاق پر نظر ثانی کی جائے، قومی اور عالمی مشاہدہ کاری کو قانون میں شامل کیا جائے۔ سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر تک محدود کر کے انتخابات کے سول انتظام کی ضمانت دی جائے، میڈیا کے قانونی فریم ورک کا جائزہ لیا جائے۔مائیکل گاہلر کا کہنا تھا کہ گزشتہ انتخابات کو حالیہ انتخابات سے بدتر قرار دینا مناسب نہیں ہوگا۔