عمران خان پاکستان کے بچوں کے لیے فقیری کریں گے، فواد چوہدری

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے بچوں کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے بچوں کے لیے فقیری کریں گے۔

جہلم میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے عوام کے پیسے ایسے لٹائے جیسے ڈاکو ڈاکے کے بعد لٹاتے ہیں، اداروں اور پاکستان کے خزانوں کا حشر دیکھیں، سوال یہ ہے کہ وہ پیسے کدھر گئے؟

فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں 24 ہزار ارب روپے قرض لیا گیا، جو پیسہ زرداری، نوازشریف نے قرض لیا تھا وہ پاکستان کے نہیں، اُن کے اکاؤنٹ میں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ان لوگوں سے لوٹی ہوئی دولت اور کرپشن سے متعلق پوچھا جاتا ہے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے اور اگر اُن سے لوٹی ہوئی دولت سے متعلق نہ پوچھا جائے تو سب ٹھیک ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ ہی احتساب کے نام پر دیا تھا، وعدہ کیا تھا کہ چوروں، ڈاکوؤں کو الٹا لٹکائیں گے اور اپنا وعدہ پورا کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جس نے چوری کی ہے اسے حساب دینا پڑے گا، اگر حساب نہ ہوا تو ملک کا نقصان ہو گا اور اگر ہم حساب نہ لے سکے تو ہمیں حکومت کا کوئی حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کے پیسے کی اس طرح حفاظت کریں گے جیسے اپنے پیسے کی حفاظت کی جاتی ہے، اگر عمران خان ایک روپیہ بھی لیں گے تو اپنے بچوں کے لیے نہیں بلکہ قوم کے بچوں کے لیے لیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں اور ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے آخری حد تک ان کا ساتھ دیں گے۔

اسرائیلی طیارے کی مبینہ طور پر پاکستان آمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے اور کشمیریوں کے یوم سیاہ پر طیارے کی خبر کی افواہ چھوڑ کر یوم سیاہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی کہ اسرائیل کا وزیراعظم پاکستان میں 10 گھنٹےگزار کر گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم سیاہ ہمیشہ جاری نہیں رہے گا، کشمیر جلد بھارت سے آزادی حاصل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان سوال اٹھا کر یوم سیاہ کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے پاس نہ نظریہ ہے اور نہ ہی لیڈر شپ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان نے بطور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین آج تک کوئی بیان نہیں دیا، نواز شریف کا ایک بیان کشمیر پر نہیں دیکھیں گے کیونکہ مودی جو ناراض ہو جاتا ہے اور زرداری صاحب کا بھی آپ کشمیر سے متعلق کوئی بیان نہیں دیکھیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جس اپوزیشن کے پاس نواز، زرداری اور فضل الرحمان جیسی لیڈرشپ ہو اس کو ٹھگوں کا ٹولا نہیں تو کیا کہیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمان، زرداری اور نواز شریف کی سیاست دم توڑ رہی ہے، یہ سب عمران خان کو بد دعائیں دینے کے سوا کچھ نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف بددعاؤں پر ان لوگوں کی سیاست رہ گئی ہے جو قبول نہیں ہونی کیونکہ اُن کی نیتوں میں کھوٹ ہے۔