اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد سے متعلق رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاہےکہ اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات استوار نہیں کیے جارہے۔
صدر عارف علوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے تاہم حکومت کو مالی بحران سے نکلنے میں وقت نہیں لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بہت مضبوط ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے مالی بحران میں پاکستان کی مدد کی جب کہ وزیراعظم کے دورہ چین میں بھی سرمایہ کاری پر بات ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی صحافی خاشقجی کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
ترکی کے حوالے سے عارف علوی نے کہا کہ ترک ہمارے دوست اور بھائی ہیں اور ترکی نے ہر ایشو پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں اردوان کے دور میں جمہوریت مضبوط ہوئی جب کہ عالمی سازشوں کے باوجود ترکی میں جمہوریت قائم ہے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی طیارے کے سوال پر صدر کا کہنا تھا کہ طیارے کی پاکستان آمد کی خبر بے بنیاد ہے اور اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات استوار نہیں ہوں گے۔