لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے ملاقات کرنے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے جہاں ان کی نوازشریف سے ملاقات جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور سینئر رہنما پرویز رشید بھی شریک ہیں۔
ذرائع کا کہناہےکہ نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کےدرمیان ملاقات کا ایجنڈا 31 اکتوبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس ہے جس میں مولانا فضل الرحمان سابق وزیراعظم کو اے پی سی میں ذاتی طور پر شرکت کرنے پر آمادہ کررہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نوازشریف اور فضل الرحمان کی ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر سینئر رہنماؤں کی بھی شرکت کا امکان ہے۔
واضح رہےکہ سابق صدر آصف زرداری نے اے پی سی میں شرکت پر آمادگی ظاہر کردی ہے جب کہ وہ نوازشریف سے بھی ملاقات پر رضامندی کا اشارہ دے چکے ہیں تاہم میاں نوازشریف نے سابق صدر سے ملاقات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔